امریکی صدر نے اپنے روسی ہم منصب کو قاتل قرار دے دیا

0
200

واشنگٹن /ماسکو(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین کو قاتل قرار دیتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ وہ امریکی انتخابات میں مداخلت کی قیمت ادا کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پروگرام اینکر کے سوال کیا وہ روسی صدر کو قاتل سمجھتے ہیں، جو بائیڈن نے جواب دیا جی ہاں! میرا بھی یہی خیال ہے۔ اس پر روسی پارلیمنٹ ڈوما کے سربراہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پوتین پر حملے کا مطلب روس پر حملہ ہے۔جو بائیڈن نے کہا کہ ولادی میر پوتین ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہنچانے کی خاطر امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے والی کوششوں کا خمیازہ بھگتیں گے۔ یہ جلد ہی ہو گا۔انٹرویو میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ (پوتین)جلد اس کی قیمت ادا کریں گے خمیازہ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی خمیازہ دیکھ لیں گے۔روسی صدر کے مقرب خاص اور ڈوما کے چیئرمین ویاچیسلیو ویلوڈن نے ٹیلی گرام نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر امریکی صدر کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسٹریائی کیفیت جواب نہ بن پڑنے کا نتیجہ ہے۔ پوتین ہمارے صدر ہیں اور ان کی ذات پر کیا جانے والا کوئی بھی حملہ ہمارے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔