وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دیدی

0
378

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش کی تھی جس کی سمری وزارت داخلہ نے وزیراعظم کو ارسال کی تھی۔ذرائع کے مطابق تحریک لبیک پر پابندی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے ڈیکلیریشن پرکام شروع کردیا گیا ہے اور وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیریشن سپریم کورٹ میں پیش کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سمری انسداد دہشتگردی ایکٹ کے رول 11 بی کے تحت تیار کی، انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق 11 بی وفاقی حکومت کو کسی تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا اختیار دیتی ہے۔