واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ ان کا ملک سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے تاہم افغانستان میں امریکی فوج پر طالبان کی طرف سے کیے گئے کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار افغانستان کے غیراعلانیہ دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا کے لیے منظم اور محفوظ منصوبہ تیار کیا ہے۔ ہم کابل کے ساتھ شراکت کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔اپنے دورے کے دوران انٹنی بلنکن نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ صدر اشرف غنی نے امریکی فوجیوں اور اضافی امریکی سفارتی عملے کی واپسی کے امریکی فیصلے کی حمایت کی۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے کہا کہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلا سے سیکیورٹی کی امریکی صلاحیت متاثر نہیں ہوگی۔