کٹھ پتلی وزیراعظم کی سلیکٹڈ حکومت محنت کش طبقے کے لئے تباہی ثابت ہوئی، بلاول بھٹو زر داری

0
265

اسلام آباد (این این آئی)پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کی سلیکٹڈ حکومت محنت کش طبقے کے لئے تباہی ثابت ہوئی۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنا پیپلز پارٹی کے نظریہ ہے،شہید بھٹو کے آئین میں بلیو کالر ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے متعلق کئی دفعات شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آرٹیکل 11، 17، 18، 25 اور 37 (e) ہر طرح کی جبری مشقت اور چائلڈ لیبر پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئین کے آرٹیکلز یونین سازی کے حقوق دیتے ہیں،آئین کی یہ دفعات شہریوں کو بلامتیاز کوئی بھی قانونی پیشہ اختیار کرنے یا تجارت کرنے کا حق دیتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دستور کی یہ آرٹیکلز کام کرنے والے ماحول کو انسان دوست اور بہتر ہونے کو یقینی بنانے کے متعلق بھی ہیں،۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پہلی مرتبہ جامع لیبر پالیسی کا اعلان بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا،اس کے بعد ہونے والی قانون سازی کے نتیجے میں مزدوروں کے قوانین کا دائرہ کار اور ٹریڈ یونینز کے حقوق میں اضافہ ہوا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کم سے کم اجرت، منافع میں شراکت، بونس، گروپ انشورنس اسکیم، گروپ انسینٹوز اسکیم وغیرہ کی ضمانت دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ضیاء کی آمریت نے ان میں سے بہت ساری مراعات کو واپس لے لیا،ضیاء نے مزدوروں کے حقوق کے حصول کے سلسے میں حاصل کی گئی بہت ساری کامیابیوں کو ختم کردیا۔ انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مزدور حقوق کی بحالی اور محنت کش طبقے کے لئے فائدہ مند پروگرامز میں توسیع کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اس طرح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی میراث کو جاری رکھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت حکومت نے بھی بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم متعارف کروائی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اس اسکیم کے تحت سرکاری کمپنیوں میں مزدوروں کو شراکت کی پیش کش کرکے پی پی پی کے مشن کو تقویت بخشی۔انہوںنے کہاکہ مزدوروں کے لئے ہزاروں مکانات پر مبنی مزدور کالونیاں بھی تعمیر کی گئیں،سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں لاکھوں افراد کو بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے ہیں،پیپلز پارٹی مزدوروں اور محنت کش طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔