دنیا بھر میں کورونا ویکسین کے ایک ارب سے زیادہ انجیکشن لگا دئیے گئے

0
214

نیویارک(این این آئی)دنیا بھر میں کروناوائرس کی ویکسینوں کے ایک ارب سے زیادہ انجیکشن لگا دیے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے صرف چارماہ قبل کووِڈ-19 کی پہلی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔اس کے بعد مختلف ملکوں نے ویکسینوں کا عام استعمال شروع کردیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا میں اتنی زیادہ تعداد میں ویکسینیں لگانے کے باوجود ابھی تک ان کی منصفانہ تقسیم کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا اور عالمی وبا کے مقابلے میں اس کی تقسیم کے عمل میں عدم مساوات کا چلن ہے۔اب تک امیرممالک میں تو ویکسین عام دستیاب ہے لیکن غریب ممالک کی آبادی کی پہنچ سے دورہے۔27 اپریل تک ایک ارب 6 کروڑ خوراکیں 57 کروڑ افراد کو لگائی جاچکی تھیں۔یہ تعداد دنیا کی کل سات ارب 79 کروڑآبادی کا 73 فی صد ہے۔اس وقت دنیا بھرمیں کرونا وائرس کی ویکسین کی روزانہ ایک کروڑ 85 لاکھ خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔اگر یہی رفتار برقرار رہتی ہے تو دنیا کی 75 فی صد آبادی کو ویکسین لگوانے کے لیے مزید 19 ماہ لگ سکتے ہیں۔آن لائن نیوز میڈیا سائنٹفک امریکن نے ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن نے کہاکہ یہ ایک بے مثال سائنسی کامیابی ہے۔کوئی شخص یہ تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ ایک نئے وائرس کی تشخیص کے صرف سولہ ماہ کے اندر دنیا بھر میں ایک ارب افراد کو مختلف اقسام کی ویکسینیں لگادی جائیں گی اور مختلف ممالک اس وائرس کی ویکسینیں تیار کررہے ہوں گے۔دنیا کے لیے یہ سنگ میل ایک عظیم کامیابی کا مظہر ہے۔اس سے یہ امید بھی پیدا ہوئی ہے کہ دنیا جلد معمول کے حالات کی جانب لوٹ آئے گی لیکن ویکسین کی غیرمساوی تقسیم کے عمل نے ایک طرح سے عدم مساوات بھی پیدا کردی ہے۔دنیا کو کروناوائرس کی وبا سے نجات دلانے کے لیے اس مسئلہ کا حل بھی ضروری ہے۔