ماحولیات کی بہتری آئندہ نسلوں کیلئے ضروری ہے’وزیراعظم عمران خان

0
267

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیات کی بہتری آئندہ نسلوں کیلئے ضروری ہے،جب ہم عالمی حدت کی بات کرتے تھے تو لوگ ہنستے تھے اورغیر سنجیدہ لیتے تھے، عالمی حدت میں اضافہ ہورہا ہے، گلوبل وارمنگ سے بچاؤ کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،درخت لگانے کیلئے بچوں میں آگاہی خوش آئند ہے، ہم نے 10 ارب درخت لگانے کا ہدف عبور کرنا ہے جس کیلئے عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، 10ارب درخت اگانے کاعمل عوامی تعاون سے ہی مکمل ہوگا، قوم شجرکاری مہم میں حصہ لے، اگر ہم نے آج کچھ نہ کیا تو پھر کبھی بھی کچھ نہیں کرسکتے۔جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گرین فنانسنگ اسکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بانڈز وغیرہ کے اجرا سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاہم پاکستان کو اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم 10 ارب لگانے کے ہدف تک پہنچیں کیوں کہ ہمیں اپنے آنی والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پاکستان کو گلوبل وارمنگ کیا ثرات سے بچانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرنی ہے کیوں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب زیادہ متاثر ہونے والے دنیا کے 10 ممالک میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس کے لیے بہت ضروری ہے کہ نیشنل پارکس میں اضافہ کیا جائے، درخت لگائے جائیں، اربن فاریسٹری کریں، صحراؤں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے درخت لگانے کی جاپانی تکنیکس وغیرہ استعمال کرنی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک اس سلسلے میں خاصہ آگے نکل چکے ہیں بالخصوص چین نے حال ہی میں اس سلسلے میں بہت کام کیا ہے، چین میں ایک پورا شہر بنایا گیا ہے جو گرین سٹی ہے اور وہاں ہر چیز ماحول دوست ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سب میں پاکستان کا سب سے بڑا یہ فائدہ ہے کہ ہم ان نئی نئی تکنیکوں سے سیکھ سکتے ہیں۔