ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے منگل کے روز یواے ای کی جینومِکس کونسل کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امارت ابوظہبی کی انتظامی کونسل کے رکن شیخ خالد بن محمد بن زید آل نہیان یو اے ای جینومِکس کونسل کے سربراہ ہوں گے۔یہ کونسل ملک میں صحت عامہ کے نظام میں جینوم پروگرام کو مربوط بنانے میں کردار ادا کرے گی۔نئی کونسل کا قیام متحدہ عرب امارات میں جینیاتی خرابیوں، معذوریوں کو دور کرنے اور شرح اموات میں کمی کے لیے اقدامات کے ضمن میں عمل میں لایا گیا ہے۔ کونسل شعبہ صحت میں سرکاری ریگولیٹرز کے تعاون سے ضروری قواعدو ضوابط تجویز کرے گی۔اس کے علاوہ جینومک پروگراموں کے لیے نظام وضع کرنا اورہنگامی حالات میں کسی نئے جدید علاج میں معاونت بھی کونسل کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔گوٹنبرگ گلوبل بائیوڈائیورسٹی سنٹر سویڈن کیماہر گیٹس ڈوڈا نے آن لائن نیوز میڈیا نیچر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جینومک سیکوئنسنگ صحت کے بحرانوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔کووِڈ19کی وبا میں یہ خاص طور پراہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے حکام کو صحت کے مسائل کی نشان دہی اور ان سے جلد نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔دبئی میڈیا آفس کا کہناتھا کہ مستند جینومک مطالعات آنے والی نسلوں میں جینیاتی اور دائمی امراض کی بہتر روک تھام کو یقینی بنا سکتے ہیں اور اس کی روشنی میں صحت کی دیکھ بھال کی پالیسیوں کومستقبل میں ایک بہتر نئی شکل دی جا سکتی ہے۔