امریکا کے ہزاروں معاونین ،مترجمین کی افغانستان سے دوسرے ممالک منتقلی کامنصوبہ

0
237

واشنگٹن (این این آئی)امریکا کی بائیڈن انتظامیہ نے افغانستان میں امریکی افواج کے ساتھ مترجم کے طور پرکام یا انھیں دوسری امداد مہیا کرنے والے ہزاروں افراد اور ان کے خاندانوں کو دوسرے ممالک میں منتقل کرنے کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدہ دار نے بتایا کہ ان افغانوں کی امریکا یا دوسرے ممالک میں داخلے کے لیے درخواستوں کی جانچ پرکھ کی جاچکی ہے۔ان افغانوں نے اپنے ملک میں گذشتہ 20 سال سے جاری جنگ کے دوران میں امریکیوں کی مترجم کے طور پر یا دوسرے کرداروں کی صورت میں مدد کی ہے۔اس عہدہ دارنے اپنی شناخت ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وائٹ ہائوس نے اس منصوبے کے خدوخال کے بارے میں قانون سازوں کو آگاہ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔صدرجوبائیڈن کے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق افغانستان سے امریکی اور نیٹو فورسزکا 11ستمبر تک انخلا مکمل ہوگا۔اس سے قبل کانگریس کے ارکان ،سابق فوجی اور دوسرے عہدے دار ان کی انتظامیہ پر یہ زوردے رہے ہیں کہ امریکا کی فوجی کارروائیوں میں معاونت کرنے والوں کو جنگ زدہ ملک سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔