امارات میں اسرائیلی سفارت خانے کا قیام خطے کی سلامتی کے لیے اہم ہے، امریکا

0
269

واشنگٹن (این این آئی )امریکی محکمہ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں اسرائیلی سفارت خانے کے افتتاح کو خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے اہم قرار دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ امریکا ابو ظبی میں اسرائیلی سفارت خانے کی تاریخی افتتاحی تقریب متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان کی میزبانی میں اسرائیل کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے امور خارجہ یائیر لاپیڈ کی تقریب میں شرکت کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے اسرائیلی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ متحدہ عرب امارات ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پہلا اسرائیلی سفارت خانہ کھولنا دونوں اطراف اور خطے کے لئے اہم ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ امریکا شراکت کے تمام پہلوں کو بڑھانے اور مشرق وسطی کے تمام لوگوں کے لیے زیادہ پرامن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔