پہلی حکومت ہے جو اپوزیشن کی جگہ خود ایوان میں احتجاج کرتی ہے،احسن اقبال

0
247

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہی ہمیشہ دنیا میں پارلیمنٹ میں احتجاج کرتی ہے، موجودہ حکومت پہلی ہے جو خود ایوان میں احتجاج کرتی ہے، حکومتی وزراء ایوان کو اپنی کارکردگی بتانے کے بجائے اپوزیشن پر کیچڑ اچھالتے ہیں ۔ایک انٹرویومیں مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے رویے سے ایوان کا ماحول خراب ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء ایوان کو اپنی کارکردگی بتانے کے بجائے اپوزیشن پر کیچڑ اچھالتے ہیں، حکومت اگر ایوان کی پاسداری کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ ایوان کا ماحول خراب ہو۔احسن اقبال نے کہا کہ اب بھی حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق مشاورت کے بجائے یک طرفہ آرڈیننس جاری کیا، حکومت نے ایوان کو بلڈوز کرتے ہوئے ایسے قوانین پاس کرائے جو آئین کے خلاف تھے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے قوانین کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنائی، اگلے ہی دن حکومت کے مشیر بابر اعوان نے کہہ دیا کہ کسی چیز پر نظرِ ثانی نہیں ہو سکتی۔نون لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت ایک دن کچھ کہتی ہے، اگلے دن اس سے مکر جاتی ہے، ہماری تجویز ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد منصفانہ الیکشن کرائے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو دعوت دے اور ڈائیلاگ کے بعد قومی اتفاقِ رائے کیا جائے، پچھلے ضمنی انتخابات میں حکومت مسلسل ہاری ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان تحریکِ انصاف جہاں سے الیکشن جیتی وہاں سے بھی اب ہار چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 سال میں گرمیوں میں کبھی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی مثال نہیں ملتی، موجودہ حکومت جتنی نا اہل ثابت ہوئی اس سطح کی نا اہلی کبھی دیکھی نہیں گئی۔