اگر ہمارے خطے نے معاشی و اقتصادی طور پر آگے بڑھنا ہے تو ربط بہت ضروری ہے،شاہ محمود قریشی

0
270

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر ہمارے خطے نے معاشی و اقتصادی طور پر آگے بڑھنا ہے تو ربط بہت ضروری ہے، ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان، پاکستان سے جوڑیگا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاشقند میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان اور وسطی و جنوبی ایشیا رابطہ کانفرنس کے حوالے سے ویڈیو بیان میں کہاکہ تاشقند میں وسطی و جنوبی ایشیائی رابطہ کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے،جس میں وزیر اعظم پاکستان شرکت کر رہے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اظہارِ خیال کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اگر ہمارے خطے نے معاشی و اقتصادی طور پر آگے بڑھنا ہے تو ربط بہت ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز ازبکستان کے صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی اور میری ملاقات ہوئی اس میں ہم نے ربط کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوںنے کہاکہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان، پاکستان سے جوڑیگا اس حوالے سے بھی ہمارا تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،نقشوں کا تبادلہ ہوا، اور ہم نے پورے روٹ کا جائزہ لیا،اس منصوبے میں دقت محض افغانستان کی صورتحال کے باعث آ رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر افغانستان کی صورتحال میں بہتری آتی ہے تو ہم اس منصوبے پر آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان اس منصوبے کی فزیبیلٹی کیلئے ورلڈ بنک کے ساتھ پہلے سے رابطے میں ہے۔