این سی او سی کا سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے گئے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار

0
347

اسلام آباد (این این آئی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے گئے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں 500 آکسیجن سلنڈرز اور 30 وینٹیلیٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے ،ملک بھر میں صرف عید الاضحی کے دن ویکسین سینٹرز بند رہیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں عید الاضحی سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد، کراچی اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلائوکا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کئیے جانے والے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے 500 آکسیجن سلینڈرز اور 30 وینٹیلیٹرز کا اضافہ کیا گیا ۔ اعلامیہ کے مطابق فورم کو ویکسینیشن کی استعداد بڑھانے پربریفنگ دی گئی،اس وقت ملک میں روزانہ ساڑھے پانچ لاکھ ویکسینز لگائی جا رہی ہیں ، ملک بھر میں صرف عید الاضحی کے دن ویکسین سینٹرز بند رہیں گے ، بیرون ملک جانے والے افراد اور طلبا کیلئے موڈرنا ویکسین کی وافرمقدار ویکسینیشن سینٹرز کو مہیا کر دی گئی ہے، عید کے موقع پہ این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور عید کی نماز اور قربانی کے حوالے سے مخصؤص ایس او پیز پہ عمل درآمد کو نہایت اہم قرار دیاگیا، اس ضمن میں تمام صوبوں کی انتظامیہ کو ایس او پیز پہ عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئیں