جس ملک میں عدالت خود فیصلے نہ کرسکے وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوتی،شاہد خاقان عباسی

0
245

اسلام آبا د(این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس ملک میں عدالت خود فیصلے نہ کرسکے وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوتی،امریکی رپورٹ میں ہماری عدالتوں پراسٹیبلشمنٹ کیاثرکاالزام لگایاگیاہے،امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان کے عدالتی نظام پریہ الزام لمحہ فکریہ ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ معاملے کو طے تک پہنچا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکن حکومت سے احتجاج کیا جائے کہ کن حقائق کی بنیاد پر عدلیہ بارے رپورٹ شائع کی گئی، ملک میں عدل کا نظام غیر متنازعہ نہ ہو،انصاف کا نظام آزاد نہ ہو،عدالتیں خود فیصلے نہ کر سکیں ، ایسے ملک کے نظام اور آئین کے بارے میں قانون کی بالا دستی پر بہت سے سوال اٹھتے ہیں،رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہماری عدالتیں ان پر اسٹیبلشمنٹ کا اثر ہے،یہ پتا کرنا ہے کہ کس بنیاد پر یہ بات لکھی گئی ہے،اس بات سے تشویش انویسٹر کو تو ضرور ہوتی ہے لیکن جو لوگ عدالتوں میں کیسوں کا سامنے کرتے ہیں انکو تشویش زیادہ ہوتی ہے ،اگر ہمارے عدل کا نظام ہی آزاد نہیں ہے تو ہم عدالتوں سے کیا توقع رکھیں گے،یہ عدالتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ ان معاملات کو کیسے دیکھتے ہیں، عدالتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ عوام کو کیسے مطمئن کرتے ہیں کہ اس ملک میں عام آدمی کو عدل و انصاف مل سکے گا۔