وزیرِ اعظم سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور کی ملاقات

0
213

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے تمام بڑے چیمبرز آف کامرس کا حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوںپر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت و کاروباری برادری کا مشاورت سے ٹیکس ریونیو بڑھانے کی حکمتِ عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ جمعہ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور
نے ملاقات کی ۔ملاقات میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور، سرحد، کوئٹہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات، ملتان، سرگودھا، گوادر، اسلام آباد اور راوالپنڈی کے چیمبرز کے صدور اور نائب صدور شامل تھے ۔اجلاس میں شرکاء نے وزیرِ اعظم اور انکی معاشی ٹیم کو کرونا وباء کے باوجود ملک میں کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت تقریباً 4 فی صد جی ڈی پی گروتھ، بڑی پیمانے کی پیداوار میں میں 15 فی صد تک کے اضافے، بر آمدی صنعت کیلئے سہولیات اور رکاوٹوں کے تدارک، سٹیٹ بنک کے درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کیلئے مراعات شامل ہیں اور کاروباری برادری کو ازبکستان کی تجارتی استعداد سے مستفید ہونے کیلئے ان کو ہمراہ رکھنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اسکے علاوہ ٹیکس ریونیو اور برآمدات و بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی ۔علاوہ ازیں شرکاء نے حکومت کو پہلی دفعہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے ان کی تجاویز براہِ راست سننے کے اس اقدام کو بھی سراہا اور ماضی میں اس طرح کے کسی اقدام کی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے حکومت و کاروباری برادری کے مابین موجود خلیج سے ملک میں کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔مزید شرکاء نے اجلاس میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریگی