مقبوضہ جموںوکشمیر’ پوسٹروں میں کشمیریوں سے 5اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل

0
300

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کی یوتھ ونگ کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے طول و عرض خصوصا سرینگر میں قمر واری، نقاش پورہ ، بربر شاہ م، نواکدل ،زولی لانکر، صورہ ، لال بازار، زینہ کدل، کرن نگر ، برین نشاط ،بانڈی پورہ کے علاوہ بڈگام ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔ان پوسٹروں میں کشمیریوں سے(آج) 5اگست کو یوم سیاہ کے طورپر منانے اور مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی اس پوسٹر مہم میں عوام سے پانچ اگست کو یوم سیاہ منانے اور اس دن کو ہڑتال کی اپیل کی گئی تاکہ بھارت کوواضح پیغام دیا جاسکے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر اسکے جبری اور غیر قانونی تسلط کومسترد کرتے ہیں۔ پوسٹروں میں درج ہے کہ مقبوضہ و کشمیر کی تاریخ میں پانچ اگست کو سیاہ ترین دن کی حیثیت حاصل ہے کیونکہ اس دن قابض بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا تھا جس کو نہ صرف کشمیریوں بلکہ عالمی برادری نے بھی قبول نہیںکیاہے۔ پوسٹر میں کشمیری عوام سے کہاگیا ہے کہ وہ 5 اگست کو مکمل ہڑتال کریں اور جگہ جگہ سیاہ جھنڈے لگاکر بھارت پر واضح کردیں کہ کشمیری عوام نے گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کے تسلط کو قبول نہیں کیا او رنہ آئندہ کریں گے۔ کشمیری عوام سے اپیل بھی کی گئی کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں تاکہ شہدائے کشمیر کا مشن پائیہ تکمیل تک پہنچ سکے۔