لبنان پرحزب اللہ کا مسلط رہنے پر اصرار تمام مسائل کی جڑ ہے،سعودی وزیر خارجہ

0
226

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے کہا ہے کہ لبنان پر اپنا کنٹرول مسلط کرنے پر حزب اللہ کا اصرار مسائل کی اصل وجہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بیروت بندرگاہ بم دھماکے کے کوئی ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے زور دیا کہ لبنان کو فراہم کی جانے والی کوئی بھی امداد اصلاحات سے مشروط ہونی چاہیے۔ فرانس اور اقوام متحدہ کی دعوت پر لبنان کے لیے ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے بیروت بندرگاہ میں ہونے والے المناک دھماکوں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات پر زور دیا۔ خیال رہے کہ یہ کانفرنس بیروت کی بندرگاہ میں دھماکے کے بعد اپنی نوعیت کی تیسری کانفرنس ہے،امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکا کو لبنان کے لیے 100 ملین ڈالر اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا۔فرانسیسی ایوان صدر نے کہا کہ کانفرنس نے لبنان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درکار 370 ملین ڈالر سے زائد کی امداد اکٹھی کی۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بحرانوں اور چیلنجوں کے وقت لبنانی عوام کے ساتھ مملکت کی یکجہتی کی تجدید کی۔ انہوں نے کہا کہ مملکت ان اولین ممالک میں سے ایک ہے جس نے بیروت کی بندرگاہ کے دھماکے کے بعد لبنان کو امداد فراہم کی تھی