اسرائیل نے آئل ٹینکر پرحملے کے ایرانی ماسٹر مائنڈ کی شناخت جاری کر دی

0
235

تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سفیروں کو بتایا ہے کہ چند روز قبل بحیرہ عرب میں اسرائیل کے ایک تیل بردار جہاز پر حملے کا ماسٹرمائنڈ ایرانی پاسداران انقلاب کی ڈرون یونٹ کا انچارج سعید ارجانی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے مزید کہا مرسر اسٹریٹ پر حملے کے بارے میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ایک بریفنگ کے دوران کہا گیا ہے خلیج عمان میں ہونے والے حملے کے پیچھے سعید ارجانی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایران تیزی کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے اور وہ 10 ہفتے کے اندر اندر جوہری ہتھیاروں کے لیے درکار مواد حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل گذشتہ ہفتے کے دوران تمام سیاسی اور سیکیورٹی چینلز کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو ایران کے حملے روکنے کے لیے تہران کے خلاف متحرک کرنے کی کوشش کر چکاہے۔بینی گینٹز نے مزید کہا کہ یہ شام میں فوجوں کے درمیان تصادم یا فوجی تنصیبات کے خلاف کوئی خفیہ آپریشن نہیں ہے۔ یہ بین الاقوامی تجارتی لائن پر حملہ ہے۔یہ نقل و حرکت کی آزادی پر حملہ ہے۔ یہ ایک بین الاقوامی جرم ہے ، اور دنیا کو اب اس کے خلاف حرکت میں آنے کی ضرورت ہے۔