کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی دوبارہ نظر بندی کیخلاف دخواست سماعت کیلئے منظور

0
351

لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی دوبارہ نظر بندی کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ہوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد شان گل نے حافظ سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے پنجاب حکومت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی نظر ثانی بورڈ نے نظربندی میں توسیع کا ریفرنس مسترد کردیا تھا۔نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد انہی وجوہات پر دوبارہ نظر بند کردیا گیا۔پہلے تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا، اب انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت نظر بند کردیا گیا ۔استدعا ہے عدالت دوبارہ نظر بندی کا حکم کالعدم قرار دے۔