بائیڈن کے فون نہ کرنے کی شکایت نہیں کی، معید یوسف

0
212

واشنگٹن(این این آئی)وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف نے کہاہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے فون نہ کرنے کی شکایت نہیں کی، کال کرنا کوئی ایشو ہے ہی نہیں، وہ جب کرنا چاہیں کریں۔امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ استحصالِ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا چین تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے پر تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور امریکا نے مل کر کام نہ کیا تو القاعدہ پھر سر اٹھا سکتی ہے، مل کر کام کے سوا آپشن نہیں، 90 کی تاریخ نہ دہرائی جائے۔معید یوسف نے کہا کہ پاکستانی تارکینِ وطن نے کشمیر میں بھارتی مظالم کیلئے بھرپور آواز اٹھائی، 2 برس پہلے بھارت نے جو قدم اٹھایا اس کے بعد وہ مشکل صورتِ حال میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہر ایک کشمیری مسلم کھو دیا ہے اور اب کشمیر میں پھنس گیا ہے، بھارت کو معلوم ہے کہ اس نے غلطی کی ہے جس سے پیچھے ہٹنا ہو گا۔مشیرِ قومی سلامتی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی انا اور غیر معقولیت شاید انہیں پیچھے نہیں ہٹنے دیتی، بھارت کو کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے