اگلے بجٹ کے بعد ہوسکتا ہے وقت سے 4 یا6 ماہ پہلے انتخابات کا اعلان کردیا جائے، فیصل واوڈا

0
311

کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سنیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ کے بعد ہوسکتا ہے کہ ملک میں وقت سے 4 یا6 ماہ پہلے انتخابات کا اعلان کردیا جائے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈانے کہا کہ یہ میرا ذاتی تجزیہ ہے جو میں حکومت کی کارکردگی کے بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی اس وقت حکومت کی تبدیلی کا سوچ رہے ہیں تو وہ صرف یہ خواب دیکھ سکتے ہیں مگر یہ بات حقیقت کے برعکس ہے، کسی میں ہمت نہیں ہے وہ اس وقت حکومت کو ہٹاسکے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی موجودہ پالیسی میں تسلسل ہونی چاہئے اور مجھے امید ہے کہ اگلے انتخابات میں تحریک انصاف کو سادہ نہیں دو تہائی اکثریت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف بیماری کا بہانہ بناکر ملک سے بھاگ گئے اور اب ویزے کیلئے اپیلیں کررہے ہیں مگرکسی ن لیگی رہنما کو کوئی شرم نہیں آئی۔فیصل واوڈا نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان اس وقت تک کوئی خلیج نہیں آسکتی جب تک عمران خان نوازشریف کی طرح ملک دشمنی پر مبنی کوئی کام نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ کام کرتا ہوں ن لیگیوں کی طرح غلامی نہیں کرتا اگر کل کو عمران خان کا کوئی بیٹا آجائے تو میں ان کی نیچے کام نہیں کروں گا۔