مسلم لیگ (ن )کراچی دفتر میں کارکنان کا دھاوا،احسن اقبال کی سربراہی میں5رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

0
312

کراچی(این این آئی) مسلم لیگ( ن) کی قیادت نے کراچی دفتر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور قائدین کے بینرز پھاڑنے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ہائوس کارساز میں کارکنان کی ہنگامہ ارائی ، توڑ پھوڑ اور قیادت کے بینرزپھاڑنے کے معاملے پر مسلم لیگ( ن) کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق، کھیل داس کوہستانی، رانا مشہود اور شیخ قیصر کو شامل کیا گیا ہے، یہ کمیٹی تین روز میں رپورٹ مکمل کر کے یہ صدر مسلم لیگ( ن)میاں شہباز شریف کو جمع کرائے گی۔کمیٹی نے مسلم لیگ (ن )کراچی ڈویژن کے مزید3رہنمائوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے۔ کراچی ڈویژن کے جن رہنمائوں کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیاہے ان میں عصمت انور محسود ، امان آفریدی اور ملک محمد تاج شامل ہیں۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے کارکنوں کی قیادت کرتے ہوئے مرکزی دفتر میں توڑ پھوڑ کی، 7دن کے اندر اپنی صفائی پیش کریں اور پارٹی کو جواب سے آگاہ کریں۔احسن اقبال کے دستخط سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس میں مذکورہ رہنمائوں سے سوال کیا گیا ہے کہ کیوں نہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر آپ کی بنیادی رکنیت ختم کردی جائے۔یاد رہے کہ دو روز قبل کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں کے مسئلے پر مسلم لیگ(ن) کے کارساز میں واقع دفتر میں کارکنان اور رہنمائوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد رہنما اپنے کارکنان کے ساتھ کھڑے ہوئے اور پھر انہوں نے ہنگامہ آرائی کر کے دفتر پر قبضہ کرلیا تھا۔