ترکی طالبان کی پیش قدمی کے باوجود کابل ائیرپورٹ کاانتظام سنبھالنے کا خواہاں

0
233

انقرہ(این این آئی )ترکی جنگ زدہ افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے مکمل انخلا کے بعد اور طالبان کی حالیہ تیزرفتار پیش قدمی کے باوجود کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا انتظام سنبھالنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کے دوعہدے داروں کا کہناتھا کہ وہ افغانستان کی زمینی صورت حال پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ایک ترک سینئر عہدیدارنے کہاکہ اب تک تو ترک مسلح افواج کے کابل ائیرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ہے۔اس ضمن میں بات چیت اورانتظام سنبھالنے کا عمل جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کا انتظام کن بنیادوں پر منتقل ہوگا،اس ضمن میں کام جاری ہے اور افغانستان کی صورت حال پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ترکی کے ایک سکیورٹی عہدہ دار نے کہا کہ کابل ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے ہمارا مقف بالکل تبدیل نہیں ہوا ہے لیکن افغانستان میں صورت حال روزبروز تبدیل ہورہی ہے اور ترکی وہاں رونما ہونے والے واقعات کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔