میدان کربلا میں امام حسین نے فتح و شکست کا معیار بدل ڈالا ‘شاہدہ منی

0
256

لاہور( این این آئی)نامورگلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ میدان کربلا میں امام حسین نے فتح و شکست کا معیار بدل ڈالا ،اگر سب کچھ لٹا کر بھی مقصد بچالیا جائے تو فتح اور اگر سب کچھ بچاکر بھی مقصد قربان کردیا جائے تو اس سے بڑی شکست کوئی نہیں ہو سکتی ۔اپنے بیان میں شاہدہ منی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بدر سے کربلا تک ایمان کی قوت والوں کی مختصر سپاہ نے طاقتوروں کا گھمنڈ توڑ کر رکھ دیا۔نواسہ رسول نے الٰہی اصولوں کی سر بلندی ،انسانیت کی حرمت اور شریعت محمدی کی پاسداری و تحفظ کیلئے میدان کربلا میں عظیم ترین قربانی پیش کی جو عالم بشریت کیلئے نمونہ کامل ہے ۔انہوںنے کہا کہ محرم الحرام ہمیں یزیدیت کے جبر کے مقابلے میں سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے اور اسلام کا سپاہی نظریے کے دفاع کیلئے ہر وقت جان وارنے کیلئے تیار رہتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نواسہ رسول کی شہادت نے عالم اسلام کی زندگانی میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا اور دنیائے بشریت کو اپنی قربانیوں ،ایثار ،صبر و برداشت اور جرات و استقلال کا گرویدہ بنا لیا ۔