ایران کے پاس ایٹمی ہتھیارحاصل کرنے کی صلاحیت نہیں،امریکا

0
194

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں۔ ایران کسی صورت میں جوہری طاقت نہیں بنا سکتا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہائوس میں اپنی پہلی ملاقات میں امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے حوالے سے مشترکہ میکانزم اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔ جو بائیڈن اور بینیٹ نے امریکا اور اسرائیل تعلقات کے پیرا میٹرز کو نئی شکل دینے اور ایرانی معاملے پر اختلافات کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہ نمائوں نے تہران کے جوہری پروگرام سے نمٹنے کے طریقوں پر پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔بائیڈن نے بینیٹ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا افغانستان کا مشن خطرناک ہے اور اب امریکیوں کو کافی جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے مگر ہم اپنا مشن مکمل کریں گے۔نامہ نگاروں کو مختصر بیانات میں دونوں رہ نمائوں نے ایرانی جوہری سرگرمیوں کا حوالہ دیا۔ ایران کا معاملہ جوبائیڈن انتظامیہ اور اسرائیل کے مابین ایک انتہائی کانٹے دار مسئلہ ہے۔