پاکستان اور جرمنی کا تجارت کثیرجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

0
226

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور جرمنی نے دو طرفہ تجارت کے حجم اور باہمی دلچسپی کے کثیرجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغانستان کے حوالے سے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے، تبدیلی کے دور ان خون خرابہ نہیں ہوا جو خوش آئند ہے ،افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور جرمنی دونوں کے نقطہ نظر میں مماثلت ہے، ہم پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں،نازک موقع پر امن مخالف قوتوں پر کڑی نظر رکھنا ہو گی،عالمی برادری افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے ،معاشی معاونت کو جاری رکھا جائے،افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو ہو گا،جرمن یورپی یونین میں پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے ،سی پیک کے تحت بچنے والے اکنامک زون سے جرمنی بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے ، رواں برس پاک جرمن سفارتی تعلقات کی سترہویں سالگرہ منا ئیں گے جبکہ جرمن وزیر خارجہ ہائیکوماس نے کہاہے کہ طالبان کی جانب سے کیے گئے وعدوں کا آنے ولے دنوں میں علم ہو گا۔ منگل کو پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمن وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا،جرمن وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔ بعد ازاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ،پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ جرمن وفد کی قیادت جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کی۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،ان مذاکرات میں، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت ۔وزیر خارجہ نے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا