حکومت کورونا ویکسین کیلئے 50 ارب 10 کروڑ دے، وزارتِ صحت

0
261

اسلام آباد (این این آئی)وزارتِ صحت نے وفاقی حکومت سے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کیلئے 50 ارب 10 کروڑ روپے مانگ لیے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ صحت کی جانب سے وفاقی حکومت سے یہ رقم ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والے قرض کے تحت مانگی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے بطور انچارج وزیرِ صحت سمری ای سی سی میں پیش کرنے کی اجازت دے دی۔وزیرِ اعظم کی اجازت کے بعد وزارتِ صحت نے سمری منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دی،پہلے مرحلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے 30 کروڑ ڈالر خرچ کیئے جائیں گے۔وزارتِ صحت کی سمری کے مطابق یہ رقم تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالرکا قرض منظور کیا تھا۔اے ڈی بی نے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کے لیے یہ قرض دینے کی منظوری دی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6 اگست کو اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کیئے گئے تھے۔