ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یمن سے حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے اوراس مذموم کوشش کو جنگی جرم قراردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی وزارتی کونسل کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیرصدارت ہوا۔اس میں یمن سے سعودی عرب کے شہری علاقوں اور شہری تنصیبات کی جانب حوثی ملیشیا کے ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پرغورکیاگیا۔کابینہ نے کہاکہ حوثیوں نے جان بوجھ کر اور منظم اندازمیں ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرحملے کی کوشش کی ہے۔ان کی یہ معاندانہ کارروائی جنگی جرم کے زمرے میں آتی ہے کیونکہ انھوں نے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مسافروں اورہوائی اڈے کے ملازمین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔