سرینگر (این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد پہلی بار انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انکی پارٹی مقبوضہ علاقے میں آئندہ اسمبلی انتخابات میںفتح حاصل کرے گی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر انتخابات آزادانہ اور منصفانہ طورپر کرائے گئے تو نیشنل کانفرنس سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی اور اپنی حکومت بنائے گی ۔ بھارتی پارلیمنٹ کے حلقہ انتخاب سرینگر کی نمائندگی کرنے والے نیشنل کانفرن کے سربراہ نے تاہم 2018کے پنچایتی انتخابات اور 2019کے بلاک ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات میں حصہ نہ لینے پر افسوس ظاہر کیا ۔فاروق عبداللہ نے پنچوں اور سرپنچوں سے کہاکہ وہ عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل سنیں ۔ انہوںنے عوام کے مسائل حل نہ کرنے پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ کے حکام پر غصے و غصہ کا اظہار کیا۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ جلد ہی ایک حکومت تشکیل دی جائے گی جو انہیں جواب دہ بنائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کے سرکاری افسران خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، لیکن کل ان کی بھی جوابدہی ہوگی۔انہوںنے کہاکہ وہ عوام کے نوکر ہیں جنہیں انکی خدمت کرنی ہے ۔