6ستمبر شہداکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ‘ شہبازشریف

0
158

لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ 6ستمبر کے دن ہمارے سر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ اس نے ہمیں کئی گنا بڑے دشمن پر فتح عطا فرمائی ،1965 میں آج کے دن قوم نے بے مثال یکجہتی سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی تھی ،ہماری بہادر افواج نے زمین، فضااور سمندروں میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ 6ستمبر کا دن پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے اتحاد سے تاریخی فتح کا پرمسرت دن ہے ،ہم شہداکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور غازیوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں ،یہ دن ہمارے لئے مثال ہے کہ اگر قوم یک جان اور متحد ہو تو ہر مشکل، ہر دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے ،ہماری بری، بحری اور بحری افواج نے عزم وہمت ، پیشہ وارانہ قابلیت اور شجاعت کے روشن باب رقم کئے ۔انہوںنے کہاکہ جنگ ستمبر ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے جس میں پاکستان کے عوام نے اپنی افواج کے ساتھ بے مثال محبت کی تاریخ لکھی ۔پاکستان کے شہریوں نے جس جذبے، جوش اور وطن کے لئے ایثارو عظیم محبت کا ثبوت دیا، وہ قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے ۔اللہ تعالی کے فضل وکرم سے نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے میں بڑا حصہ ڈالا ہے ۔پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنا کر نوازشریف نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا، دنیا میں سربلند کیا ۔الحمداللہ جے ایف 17 تھنڈر اور جدید ترین ہتھیار فراہم کرکے پاک فضائیہ کی قوت کو چار چاند لگائے۔نوازشریف کی بنائی ہوئی موٹر وے آج دفاع وطن کے عظیم مقصدکے لئے بھی بروئے کار آرہی ہے۔اللہ تعالی نے پھر موقع دیا تو ماضی سے بھی بڑھ کر اپنی مسلح افواج اور دفاع وطن کو مزید طاقتور اور توانا بنائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ 6ستمبر کا دن ہمارے لئے سبق بھی ہے کہ ہم معاشی قوت بنیں اور اپنی خودمختاری اور ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنائیں ۔اللہ تعالی شہداکے درجات کو بلند فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین