نائن الیون کی بیسویں برسی،صدربائیڈن کی جانب سے اتحاد کی اپیل

0
250

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے نیو یارک کے ٹوئن ٹاورز پر حملوں کی بیسویں برسی کے موقع پر شہریوں سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بائیڈن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی قوت ہے۔ بائیڈن نے کہاکہ میرے لیے گیارہ ستمبر کے واقعے کا اصل سبق یہ ہے کہ انتہائی پریشان کن حالات میں، زندگی کے انتہائی نشیب و فراز میں، امریکا کی روح کے لیے جنگ میں، اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔صدر بائیڈن نے کہاکہ 11ستمبر سن 2001 کے واقعات کے بعد ہم نے متوقع اور غیر متوقع، ہر جگہ شجاعت کی مثالیں دیکھیں، ہم نے کچھ ایسی چیزوں کا بھی مشاہدہ کیا جو نادر ہیں، قومی اتحاد کا حقیقی جذبہ۔صدر بائیڈن نے مزید کہاکہ امریکا کی روح کے لیے جنگ میں اتحاد ہماری سب سے بڑ ی طاقت ہے۔ اتحاد کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم سب کسی ایک ہی چیز پر یقین رکھتے ہوں بلکہ ہمیں ایک دوسرے کے اور قوم کے تئیں بنیادی احترام اور عقیدت کا جذبہ رکھنا چاہیے۔امریکی صدر نے کہا کہ نائن الیون کے حملوں کے نتیجے میں فطرت انسانی کی منفی قوتیں بھی سامنے آئیں یعنی خوف اور غصہ۔ ایک پرامن مذہب کے حقیقی اور سچے عقیدت مند امریکی مسلمانوں کے خلاف ناراضگی اور تشدد کے واقعات دیکھنے کو ملے۔ لیکن ملک خود کو تقسیم ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اتحاد ہی وہ چیز ہے جو امریکا کو سب سے بہترین بناتا ہے۔صدر بائیڈن نے اپنے پیغام میں کہاکہ نائن الیون کی نسل دہشت گردی کے خلاف خدمت اور حفاظت کرنے کے لیے قدم بڑھا رہی ہے تاکہ ہر ایک کو یہ دکھایا جا سکے کہ امریکا کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں بخشا جائے گا اور انہیں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ یہ کبھی نہیں رکے۔