قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے دو قومی نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی، فرخ حبیب

0
239

اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے دو قومی نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی، بابائے قوم کی قیادت میں پاکستان خود مختار ریاست بن کر ابھرا، اس پرپوری قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،محمد علی جناح کی شخصیت ایک اعلی اور مثالی کِردار کی حامل تھی، انہوں نے جمہوری اور انصاف پر مبنی اصولوں کو اپنا یا۔ہفتہ کوقائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ قائد اعظم نے وکالت اور سیاست میں رہ کر اپنے دامن کو صاف ستھرا رکھا، وہ مسلمانوں کی ذِہنی تعمیرِنو میں روشنی کا مینار بنے رہے،انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اعلی معیار اور دیانت سے کِیا، اپنے لیے ایک ایسا لائحہ عمل وضع کیا جو ہمیشہ جامع اور مکمل رہا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کا یوم وفات ہمیں ایک ایسے عظیم ترین قائد کی یاد دلاتا ہے ،جس نے برصغیر کے خوف زدہ اور مایوس مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا تھا،انہوں نے حصول منزل کے لیے ایک ایسی بے مثل قیادت فراہم کی ۔