پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے، چودھری پرویزالٰہی

0
250

لاہور(این این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ آزاد جموں وکشمیر کے پانچ رکنی پارلیمانی وفد میں ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی ریاض گجر،ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان غلام محی الدین ، وزیر حکومت حافظ حامد رضا، یورپی یونین کے کوارڈینیٹر نصیر احمد اورچوہدری غلام حسین شامل تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فنگشنل ہونے پر مبارکباد دی اور ایوان کو ختم نبوتۖ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی خصوصاً پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے