حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے’ راناثنا اللہ

0
252

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے، پہلی حکومت ہے جس نے محنت کر کے ملک کو ترقی پذیر بنانے کے بجائے زوال پذیر بنا دیا، آج کے دور میں غریب عوام کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوگیا،حکومت شکست کے خوف سے جلدی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی،امید ہے جاوید لطیف جلد اپنا جواب پارٹی کوجمع کرائیں گے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میںپیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر یہ حکومت ایک سال اور رہی تو پاکستان کو مزید پیچھے لے جائے گی ، عوام اور سیاسی جماعتیں اس حکومت کے خلاف میدان میں آئیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ زکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابات کے دوران ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوتے رہے، حکومت نے بھرپور طریقے سے اپنے امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈ زمیں ترقیاتی فنڈز دیئے۔بلدیاتی انتخابات سے سیاسی اثرات اس طرح سے مرتب نہیں ہوتے جیسے عام انتخابات میں ہوتے ہیں، حکومت کیلئے بلدیاتی انتخابات جیتنا مشکل ہوگا، حکومت شکست کے خو ف سے جلد بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 روز قبل وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کہہ رہے تھے کہ بھارت کی وجہ سے نیوزی لینڈ ٹیم واپس گئی، یہ بھارت کی تعریفیں کیوں کر رہے ہیں اس حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ،اگر بھارت اتنا طاقتور ہے کہ اس کی وجہ سے کوئی غیر ملکی ٹیم ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار نہیں تو حکومت کیا کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ جاوید لطیف سے پارٹی نے پوچھا ہے کہ انہوں نے بات کس سیاق و سباق میں کی، امید ہے جاوید لطیف جلد اپنا جواب پارٹی کو جمع کرا دیں گے۔انہوںنے کہاکہ ججز کو کہاں بٹھا دیا گیا ہے ،عدالتوں کو کسی بہتر جگہ پر بنایا جائے ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس بات کا نوٹس لیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نہ صرف اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے بلکہ یہ حکومت ملک کے خلاف کام کر رہی ہے ،حکومت نے ملک کی خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کر دیا ۔