افغانستان میں عام معافی کے اعلان کے تحت کسی مجاہد کو کسی سے انتقام لینے کا حق نہیں ہے،ملا یعقوب

0
215

کراچی (این این آئی)طالبان کے عبوری وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے طالبان جنگجوؤں اور کمانڈرز کی شہریوں سے بدتمیزی پر سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدتمیزیاں برداشت نہیں کی جائیں گی،افغانستان میں عام معافی کے اعلان کے تحت کسی مجاہد کو کسی سے انتقام لینے کا حق نہیں ہے۔طالبان کے بانی ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب نے اپنے آڈیو پیغام میں کچھ کمانڈروں اور جنگجوؤں کی بدتمیزی پر ان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں سے بدتمیزیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عام معافی کے اعلان کے تحت کسی مجاہد کو کسی سے انتقام لینے کا حق نہیں ہے۔ملا یعقوب نے کہا کہ کچھ شرپسند، بدنام سابق فوجیوں کو طالبان یونٹوں میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی تھی جنہوں نے بعض اوقات پرتشدد زیادتیوں کا ارتکاب کیا۔طالبان رہنماء نے اپنے ساتھیوں کو ایسے لوگوں کو اپنی صفوں سے دور رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم اپنی صفوں میں ایسے لوگ نہیں چاہتے۔ملا یعقوب نے طالبان جنگجوؤں کے مختلف وزارتوں میں تصویریں لینے اور ویڈیو بنانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ قابل اعتراض فعل ہے کیونکہ لوگ اپنا موبائل فون نکال کر اہم اور حساس وزارتوں میں بغیر کسی وجہ کے تصاویر لے رہے ہیں، یوں گھومنا اور ویڈیوز بنانا دنیا اور آخرت میں مددگار ثابت نہیں ہوگا۔