مسجد پر حملے کے بعد ہم نے داعش کا سیل فوری طور پر تباہ کر دیا ، طالبان

0
215

کابل(این این آئی )طالبان نے کہا ہے کہ انہوں نے کابل میں شدت پسند تنظیم داعش کے ایک سیل کو تباہ کر دیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو کابل کی عیدگاہ جامع مسجد میں داعش کے مشتبہ دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔طالبان ترجمان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اس آپریشن کے نتیجے میں جو ایک کامیاب آپریشن تھا، داعش کے سینٹر کو مکمل طور پر تباہ کر لیا ہے اور اس میں موجود تمام داعش کے ارکان کو مار دیا گیا ہے۔کابل کے ایک رہائشی اور حکومتی اہلکار عبدالرحمان نے بتایا کہ طالبان کے سپیشل فورسز کی ایک بڑی تعداد نے ان کے پڑوس میں کم از کم تین مکانات پر حملہ کیا۔یہ لڑائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کی آوازوں نے ان کو ساری رات جگائے رکھا۔مجھے نہیں معلوم کہ کتنے افراد اس میں ہلاک ہوئے یا ان کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم لڑائی شدید تھی۔طالبان کی جانب سے یہ آپریشن کابل کی عید گاہ جامع مسجد پر حملے کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا۔جامع مسجد کے قریب ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔حکومت کے ثقافتی کمیشن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ دھماکے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں طالبان بھی شامل ہیں-دھماکے کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔