شہبازشریف کابلوچستان میں خوفناک زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس

0
229

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے ۔جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں ۔ ہنگامی صورتحال کا تقاضا ہے کہ وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے ۔ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے تاکہ زندگیاں بچ سکیں ۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کرے، ہنگامی امداد کے ادارے بھرپور طورپر متحرک ہوں ۔اولین ترجیح لوگوں کی زندگیاں بچانے، محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور شیلٹر وخوراک کی فراہمی پر دی جائے ۔اس سے قبل بھی قوم زلزلے کی قیامت خیزی اور اس کے شدید نقصانات دیکھ چکی ہے، اللہ تعالی ہم پر رحم فرمائے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے زلزلہ متاثرین سے پوری قوم بھرپور یک جہتی کا اظہار کرے، امدادی کارروائیوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔ پارٹی رہنمااور کارکنان امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹائیں ، اداروں کے ساتھ مل کر معاونت کریں ۔وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی مشاورت سے متاثرین زلزلہ کے لئے خصوصی پیکج کی تیاری پر کام شروع کرے ۔اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ آمین