پاکستان کاایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار

0
214

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے، پاکستان افغانستان میں دیرپا استحکام کا خواہاں ہے، اور دونوں ممالک افغانستان کے حوالے سے ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں۔صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے، بھارت کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو سراہا گیا اور بھارتی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ نے یو ین جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک امریکہ کا دورہ کیا،انہوں نے پاکستان کے مرکزی مقاصد کے حصول کیلئے کوشش کی،انہوں نے بین الاقوامی برادری کو اسلامو فوبیا اور آر ایس ایس و ہندتواء خطرات اور بھارت میں قلیتوں کی صورتحال پت آواز اٹھائی،انہوں نے ایک تفصیلی ڈوزئیر بھی پیش کیا،انہوں نے پاکستان کی امن کی خواہش کا اظہار کیا،جموں و کشمیر پر او آئی سی کے اجلاس میں اہم اور ٹھوس اعلامیہ جاری کیا گیاترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ وزیر خارجہ کے نیو یارک دورے کا محور بھی کشمیر، افغانستان اور پاکستان کی معاشی ترقی رہا۔انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستان کا دو روزہ دورہ کررہی ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا ایشیاء میں امن کے خواہاں ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا استحکام کا خواہاں ہے، اور دونوں ممالک افغانستان کے حوالے سے ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس میں ہونے والی سماعت امریکا کی سرکاری پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتی۔