اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر آمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کو برداشت کرنے کے لیے تعمیراتی کوڈز اور قوانین کا سختی سے اطلاق ناگزیر ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر نے 8 اکتوبر 2005 کے المناک زلزلے کے 16 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہاکہ 16 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرہ عوام کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں اور غم آج بھی زندہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 2005 کے المناک زلزلے میں کشمیری عوام نے اپنی پوری ایک نسل کو کھو دیا۔وفاقی وزیر نے بلوچستان میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر بھی گہرے دکھ ورنج کا اظہار کیا اور کہاکہ ہم نے اپنی نسلوں کو بڑھتی ہوئی قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے منظم منصوبہ بندی سے کام کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں پاکستان کو بے پناہ چیلنجز درپیش ہیں، وزیراعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیاں سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنا ایک وژن رکھتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سہرا جا رہا ہے ، تعمیرات کے شعبے کی ترقی کو جغرافیائی خدوخال کے مطابق بنانا ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ قدرتی آفات کو برداشت کرنے کے لیے تعمیراتی کوڈز اور قوانین کا سختی سے اطلاق ناگزیر ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر شعبے میں مافیاز کے خاتمے کی جنگ لڑ رہی ہے، حکومت شفاف طرز حکومت سے ہر شعبے میں معیار اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے