بیرسٹر سلطان سے فواد چوہدری کی ملاقات ،کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

0
240

اسلام آباد (این این آئی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر کے صدر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم عمران خان کے خطاب میں کشمیری عوام کی واضح اور دوٹوک الفاظ میں حمایت کو سراہا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ کشمیر کے عوام کے حقوق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی وزیراعظم عمران خان کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی سمیت سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، میرپور منگلا روڈ عنقریب مکمل ہونے والی ہے جس سے دینہ سے میرپور تک کے سفر میں درپیش حائل مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ للہ سے جہلم تک دو رویہ سڑک کو براستہ منگلہ آزاد کشمیر سے ملانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس سے کشمیر کے ساتھ مواصلاتی روابط کا ایک نیا دور شروع ہوگا، اس منصوبے سے کشمیر سے اسلام آباد تک سفر ایک گھنٹے پر محیط ہونے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں سیاحت کی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں پی ٹی وی کی باقاعدہ نشریات کا آغاز کر کے کشمیری عوام کی آواز دنیا بھر میں پیش کی جائے گی، پاکستان ٹیلی وژن مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔بیرسٹر سلطان محمود نے وفاقی وزیر اطلاعات کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا۔ بیرسٹر سلطان نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور بھارت کے 5 اگست کے اقدام سمیت مقبوضہ کشمیرکے عوام پر بھارتی ظلم وستم پر بات ہوئی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں آواز بلند کی جائے گی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔