یمن ،مآرب کے جنوب میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 300 حوثی ہلاک

0
201

صنعاء (این این آئی)یمن میں عرب اتحاد کے مآرب کے جنوب میں واقع علاقے العبدیہ میں فضائی حملوں میں 300 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ۔سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ عرب اتحاد نے العبدیہ میں حوثیوں کی نو فوجی گاڑیوں اور ٹھکانوں کو فضائی بمباری میں نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں 300 حوثی باغی مارے گئے ۔عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں العبدیہ میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی گاڑیوں اور جنگجوں کو نشانہ بنانے کے لیے 43 کارروائیاں کی ہیں۔اتحاد نے یہ بھی کہا کہ حوثی جنگجواب امدادی تنظیموں اور کارکنوں کو علاقے میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔گذشتہ ماہ تزویراتی لحاظ سے اہمیت کے حامل شہر مآرب میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے اور حوثیوں نے نئے جنگجو بھرتی کرکے اس محاذ پر بھیجے ہیں۔یمن میں گذشتہ سات سال سے حوثی ملیشیا اور سرکاری فوج کے درمیان خانہ جنگی جاری ہے۔ یہ لڑائی 2014 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد شروع ہوئی تھی۔اس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔