سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ قابض حکام نے نے مقبوضہ علاقے میں حملوں کی پیشگی اطلاعات کونظر انداز کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں نارملسی کے بی جے پی کے جھوٹے بیانیہ اور پروپیگنڈے کو فروغ دینے کیلئے وادی کشمیر کا دورہ کرنے والے بھارتی وزرا کو سیکورٹی فراہم کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویت میں کہاکہ رواں ماہ اب تک کم سے کم ست کشمیریوںکو قتل کیاجاچکا ہے جن میں سے چھ کا تعلق سرینگر سے تھا۔انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ قتل کے حالیہ واقعات کے بعد 700کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا تاکہ عوامی غیض و غضب سے بچنے کیلئے ان واقعات کا الزام ان کے سرپر دھرا جاسکے۔ا نہوںنے کہاکہ ذمہ داری نہ لینا اور 700کشمیریوںکی گرفتاری سے قابض انتظامیہ کی سوچ ظاہر ہوتی ہے کہ وہ خو د کو عوامی غیض و غضب سے بچانے کیلئے نہتے کشمیریوںکو گرفتار کر رہی ہے ۔