چھ ٹیموں کےمابین قائداعظم ٹرافی کا آغاز(کل)سےہوگا

0
434

کراچی(این این آئی)ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب نظریں کراچی کے ان چار میدانوں پر جم گئیں جہاں(کل) اتوار 25 اکتوبر سے قومی کرکٹ کے ماتھے کا جھومر، قائداعظم ٹرافی،کا آغاز ہوگا ،ایونٹ کے ابتدائی تین راؤنڈز تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے، جن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی، این بی پی اسٹیڈیم اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ 11 روزہ بریک کے بعد ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ سے اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی بھی وینیوز کی اس فہرست میں شامل ہوجائیگا۔قائداعظم ٹرافی 21ـ2020 میں کْل ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائیگی اس میں سے ایک کروڑ روپے ٹورنامنٹ کی فاتح اور پچاس لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو ملیں گے۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین باؤلر اور بہترین وکٹ کیپر کو5 لاکھ روپے انعام دیا جائیگا جبکہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ایونٹ کی دفاعی چمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم اتوار سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز سندھ کے خلاف کریگی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والا یہ میچ پی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔بابراعظم کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل زمبابوے کے خلاف میچوں میں مصروفیت کے باعث سنٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کے سپرد کی گئی ہے