77فیصد پاکستانیوں کے مطابق حکومت کی معاشی سمت غلط ہے،شیری رحمن

0
210

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ 77فیصد پاکستانیوں کے مطابق حکومت کی معاشی سمت غلط ہے ،تین سال سے ملک پر نااہل حکومت، بد انتظامی اور مہنگائی کا راج ہے،، حکومت کی ناکامیوں کی داستان اب بین الاقوامی جریدے سنا رہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ دی ایکانومسٹ کے مطابق دنیا کے 43 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر چوتھے نمبر پر ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گذشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 9 فیصد رہی،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 12.66 ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ دی پلس کنسلٹنٹ کے مطابق اکتوبر 2021 میں 68 فیصد لوگوں کے اخراجات پورے نہیں ہوئے، 77% لوگ سمجھتے ہیں کہ حکومت کی معاشی سمت غلط ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ اپوزیشن اور عوام کے احتجاج پر حکومت گہری نیند سے جاگی ہے، وزیر اعظم نے مہنگائی پر 19واں نوٹس لیا ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ تین سال سے ملک پر نااہل حکومت، بد انتظامی اور مہنگائی کا راج ہے، حکومت کی ناکامیوں کی داستان اب بین الاقوامی جریدے سنا رہے۔