جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں، پاکستانی مندوب کا بھارت کو کرارا جواب

0
231

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے قونصلر بلال چوہدری نے چوتھی کمیٹی میں بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔پاکستانی نمائندہ نے پاکستان کی جانب سے جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے کہاکہ سال بہ سال بھارت اس فورم پر غلط موقف پیش کرتا رہتا ہے، جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔ انہوںنے کہاکہ بار بار غلط دعویٰ کرنا ، قانونی حقیقت کو تبدیل نہیں کرتا، سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں کے ذریعے جموں و کشمیر کو تسلیم کیا ہے کہ وہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔پاکستانی قونصلر نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر کا حتمی تصفیہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری طریقے سے لوگوں کی مرضی کے مطابق کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ یہ قراردادیں بھارت اور پاکستان دونوں نے قبول کی ہیں، طویل عرصے سے بھارت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی جھوٹی داستان بیچنے کی کوشش کی ہے۔بلال چوہدری نے کہاکہ اس دہشت گردی کا خود جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر مزاحمت کے پیچھے اصل وجوہات کو تلاش کیا جاسکے