امریکا سے فضائی حدود کے استعمال پر کوئی معاہدہ نہیں ہو رہا،وزارتِ خارجہ کی وضاحت

0
221

اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہو رہا۔ترجمان وزارتِ خارجہ نے جاری کیئے گئے بیان میں کہا کہ پاکستان اور امریکا میں علاقائی سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی پر تعاون چلا آ رہا ہے۔دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان باقاعدہ مشاورت جاری رہتی ہے، پاکستان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائیوں کیلئے ایئر کوریڈور دینے کے معاہدے کی تجدید نہیں کی۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں آپریشنز کے لیے فضائی حدود کے استعمال کے معاہدے کو باقاعدہ شکل دینے کی خبریں درست نہیں۔دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کا علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے، پاکستان اور امریکا باقاعدہ مشاورت میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کے نشریاتی ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر امریکا اور پاکستان معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے امریکی ارکانِ کانگریس کو پاکستان سے کیئے گئے سمجھوتے سے آگاہ کر دیا۔