تاشقند(این این آئی)مرکزی ایشیاء کے ملک ازبکستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر شوکت میرزییویائیف نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ پیر کو انتخابی کمیشن کے حکام کی جانب سے پریس کانفرنس میں انتخابات کے نتائج کے مطابق شوکت میرزییویائیف نے 80 اعشاریہ ایک فیصد اور ایک خاتون امیدوار مقصودہ وارسوفا نے 6 اعشاریہ ایک فیصد ووٹ حاصل کئے۔ حکام کے مطابق انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے اور عمل مکمل طور پر شفاف تھا۔ انہوں نے کہاکہ ازبکستان میں صدر پراہ راست ووٹوں سے پانچ سال کیلئے منتخب ہوتا ہے، سویت یونین سے آزادی کے بعد یہ ملک میں چھٹے انتخابات تھے جس موجودہ صدر شوکت میرزییویائیف سمیت پانچ امیدوارں نے حصہ لیا۔ ازبکستان پر کافی عرصے حکمرانی کرنے والے رہنما اسلام کریموف کے 2016 ستمبر میں انتقال کے بعد صدارتی انتخابات میں شوکت میرزییویائیف کامیاب ہوئے تھے۔ یہ ازبکستان کے بانی صدر اسلام کریموف کی انتقال کے بعد دوسرے انتخابات تھے،انتخابات کی نگرانی اور کوریج کے لئے ازبکستان کی حکومت نے پاکستان سمیت سینکڑوں غیر ملکی مبصرین اور صحافیوں کو دعوت دی تھی، پاکستانی صحافیوں اور مبصرین کو بھی انتخابی عمل دیکھنے کی دعوت دی گئی تھی۔ تاشقند میں پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرنے کے دوران دیکھا گیا کہ لوگ بڑے منظم طریقے سے کورونا ہدایات پر عمل کرکے ووٹ ڈال رہے تھے اور پاکستان کے بالکل برعکس کوئی پولیس یا فوجی موجود نہیں تھے۔ ایک دلچسپ معلومات اس وقت مل گئی کہ ایک یونیورسٹی میں قائم پولنگ سٹیشن میں اس تعلیمی ادارے کے سربراہ پولنگ سٹیشن کے انچارج تھے۔ پولنگ سٹیشن میں ٹمپریچر چیک کرنے پر اگر کسی کے بخار کا معلوم ہوتا تو ان کے لئے الگ بیلٹ باکس رکھے گئے تھے جو سٹیشن سے باہر لے جاکر اس میں ووٹ ڈالے جاتے تھے۔ ہر پولنگ سٹیشنز میں میڈیل سنٹربھی قائم کیا گیا تھا تاکہ کسی کو ایمرجنسی کی صورت میں ان کا علاج کیا جاسکے پر پولنگ سٹیشن میں پانچوں امیدواروں اور ان کی جماعتوں کے مختصر تعارف کے پوسٹر لگائے گئے تھے۔ کئی پولنگ سٹیشنوں پر لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی تیار کرنے والے گانے نشرکئے جاتے رہے۔ ووٹنگ کے لئے اتوار کا دن منتخب کیا گیا تھا تاکہ معمول کے کام پر کوئی اثر نہ ہو۔انتخابی کمیشن کی جاب سے جاری کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق ووٹروں کی تعداد 19859127 ہے جن میں خواتین 52 فیصد اور مرد 48 فیصد ہیں، پورے ملک میں 10761پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ازبکستان کی ابادی تقریبا تین کروڑ چونتیس لاکھ ستر ہزار ہے۔ پاکستان کی طرح ازبکستان میں بھی اٹھارہ سال کے عمرکے لوگ ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ صحافیوں کو دئے گئے اعدادوشمار کے مطابق 887780 افراد پہلی مرتبہ ووٹ ڈال رہے ہیں اور اور ووٹ ڈالنے والوں میں تیس سال سے کم نوجوانوں کی تعداد 6458283 ہے۔انتخابی معلومات کے لئے قائم کئے گئے میڈیا سنٹر میں پورا دن بریفنگ ہوتی رہی جس میں الیکشن کمیشن کے حکام کے علاوہ وازارت خارجہ کے افسران بھی بین الاقومی میڈیا کو بریفنگ دیتے رہے۔