حکمرانوںنے ملک کو تماشہ بنا دیا ہے ،ان سے کوئی ڈھنگ کا فیصلہ نہیں ہوتا ‘ حمزہ شہباز

0
263

لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے ،موجودہ حالات میں کسی وزیر کا بیان دوسرے وزیر کے بیان سے نہیں ملتا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمران ناکام ہو چکے ہیں، حکومت پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرنے جارہی ہے ۔ بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکمرانوںنے ملک کو تماشہ بنا دیا ہے ،ان سے کوئی ڈھنگ کا فیصلہ نہیں ہوتا ،یہ کورونا یا کسی اور چیز کے پیچھے نہیں چھپ سکتے ،حکمرانوں کے جھوٹ عیاں ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان سے سوال کرتی ہے کہ50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں،ان کا آخری وقت قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا برا حال ہے، حالات بگڑتے جا رہے ہیں، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہونے جا رہا ہے، بہت جلد عوام کا ہاتھ ہوگا اور ان کا گریبان ہوگا۔انہوںنے کہا کہ قوم اس وقت دو وقت کی روٹی سے بیزار ہے، یہ اللہ کی مخلوق سے ظلم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جو صورتحال بن رہی ہے تمام سنجیدہ سیاسی جماعتوں کو ایک ایجنڈا بنانا چاہیے، ان نالائقون کے ہاتھ میں ملک رہا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔