پاکستانی سفارت خانے کو مسعود خان کے کاغذات نامزدگی موصول ہوگئے

0
177

واشنگٹن (این این آئی)واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو امریکا کے لیے ملک کے نئے سفیر کے طور پر سردار مسعود خان کے کاغذات نامزدگی موصول ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسعود خان موجودہ سفیر اسد مجید خان کی جگہ امریکا میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں گے جبکہ اسد مجید خان اب اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے واپس اسلام آباد پہنچیں گے۔توقعات کے مطابق سفارتخانے کی جانب سے ایگریمنٹ کے کاغذات پیر کو امریکی محکمہ خارجہ کو جمع کرائے جائیں گے۔سفارتی گفتگو میں ایگریمنٹ کا مطلب میزبان ملک اور سفارتی مشن کے اراکین کے درمیان معاہدہ ہے۔عموماً محکمہ خارجہ ایگریمنٹ منظور کرنے میں ایک ماہ کا وقت لیتا ہے جس کے بعد یہ کاغذات اسلام آباد بھیجے جاتے ہیں تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جاسکے۔ملک چھوڑنے سے قبل نامزد رکن نے حکومت کے تجربہ کار اراکین سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، جن کا آغاز صدر مملکت کے ملاقات سے ہوا تھا۔