تباہی سرکار کے 3 سالوں میں چینی کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھ گئی ہیں، شیری رحمن

0
166

اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تباہی سرکار کے 3 سالوں میں چینی کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے بتایاکہ چینی 53 روپے کلو تھی اب 160 روپے فی کلو ہے، حکومت ہمیشہ کی طرح اپوزیشن پر الزام لگا کر ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شوگر کمیشن کی انکوائری رپورٹ کا کیا ہوا، کہاں کیس چلا، کس کو سزا ملی، کون جیل گیا؟ ۔شیری رحمن نے بتایاکہ رپورٹ بنا کر کہتے تھے ہم نے ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ کرپشن ثابت ہونے کے باوجود کسی کو سزا نہ ملنے کا مطلب حکومت خود ملوث ہے، ان سے نا ملک چلتا ہے نا ہی مہنگائی کنٹرول میں ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر ناکامی کا الزام اپوزیشن پر ڈالنے والا بیانیہ اب پرانا ہو چکا ہے، اب کارکردگی دکھاؤ یا گھر جاؤ۔