پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے 3 ہزار ویزے جاری کر دئیے

0
225

نئی دہلی(این این آئی)نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر تک گرو نانک کے 552ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے تقریبا 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دئیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہائی کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکھ یاتری، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ننکانہ صاحب میں گوردوارا جنم آستھان اور کرتارپور میں گوردوارا دربار صاحب سمیت مختلف گوردوارے جاسکیں گے۔سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے لیے 1974 کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکولز کے تحت جاری کیے گئے ۔بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری بھی گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں سہولت فراہم کرنے کے لیے نومبر 2019 میں گرو نانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر ویزا فری کرتارپور صاحب کوریڈور کے تاریخی افتتاح سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔نیا تعمیر شدہ گوردوارا کرتارپور صاحب کمپلیکس پاکستان کے عوام اور اس کی قیادت کی طرف سے بھارت اور دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے تحفہ ہے۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ مذہب کے بانی کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی۔ہائی کمیشن نے اس موقع پر پاکستان آنے والے زائرین کے لیے روحانی طور پر فائدہ مند یاترا کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔یاتریوں کے ویزوں کا زیادہ سے زیادہ تعداد میں اجرا پاکستان میں مذہبی مقامات کی یاترا کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی کوششوں کے عین مطابق ہے۔